اُحُدکی لڑائی میں حضرت علی ؓ کی بہادری


اُحُدکی لڑائی میں حضرت علی ؓ  کی بہادری

غزوۂ اُحُد میں مسلمانوں کوکچھ شکست ہوئی تھی، جس کی بڑی وجہ نبیٔ اکرم ﷺ کے ایک ارشاد پر عمل نہ کرناتھی، جس کاذکر باب؍۱ قصہ؍۲ میں گزرچکا، اُس وقت مسلمان چاروں طرف سے کُفَّار کے بیچ میں آگئے، جس کی وجہ سے بہت سے لوگ شہید بھی ہوئے، اورکچھ بھاگے بھی، نبیٔ اکرم ﷺ بھی کُفَّار کے ایک جَتّھے کے بیچ میں آگئے، اور کُفَّار نے یہ مشہورکردیاتھا کہ حضورﷺ شہید ہوگئے، صحابہ اِس خبرسے بہت پریشان حال تھے، اوراِسی وجہ سے بہت سے بھاگے بھی، اور اِدھر اُدھر مُتفرِّق ہوگئے، حضرت علی کَرَّمَ اللہُ وَجْہَہٗ فرماتے ہیں کہ: جب کُفَّار نے مسلمانوں کو گھیر لیا، اور حضورِ اقدس ﷺ میری نظرسے اَوجھل ہوگئے، تو مَیں نے حضورﷺ کو اوَّل زندوں میںتلاش کیا، نہ پایا، پھر شُہَدا میں جاکرتلاش کیا، وہاںبھی نہ پایا، تومَیں نے اپنے دل میں کہا کہ: ایساتوہو نہیں ہوسکتا کہ حضورﷺ لڑائی سے بھاگ جائیں، بظاہر حق تَعَالیٰ شَانُہٗ ہمارے اعمال کی وجہ سے ہم پر ناراض ہوئے؛ اِس لیے اپنے پاک رسول ﷺ کوآسمان پر اُٹھا لیا؛ اِس لیے اب اِس سے بہتر کوئی صورت نہیں کہ 

مَیں بھی تلوارلے کرکا فروں کے جَتّھے میں گھس جاؤںیہاں تک کہ مارا جاؤں، مَیں نے تلوار لے کرحملہ کیا، یہاںتک کہ کُفَّار بیچ میں سے ہٹتے گئے اور میری نگاہ نبیٔ اکرم ﷺ پرپڑگئی، تو بے حد مُسرَّت ہوئی، اور مَیں نے سمجھا کہ: اللہ جَلَّ شَانُہٗ نے ملائکہ کے ذریعے سے اپنے محبوب کی حفاظت کی،مَیں حضورﷺ کے پاس جاکرکھڑا ہوا، کہ ایک جماعت کی جماعت کُفَّار کی حضور ﷺ پر حملے کے لیے آئی، حضورﷺ نے فرمایا کہ:’’ علی! اِن کوروکو‘‘، مَیں نے تنہا اُس جماعت کا مقابلہ کیا، اور اُن کے منھ پھیردیے اوربعضوں کوقتل کردیا، اِس کے بعد پھر ایک اورجماعت حضورﷺ پر حملے کی نیت سے بڑھی، آپ ﷺ نے پھرحضرت علی ؓ کی طرف اشارہ فرمایا، اُنھوں نے پھر تنہا اُس جماعت کامُقابلہ کیا، اِس کے بعد حضرت جبریل ں نے آکر حضرت علی ؓ  کی اِس جواںمَردی اورمدد کی تعریف کی، تو حضورﷺ نے فرمایا: إِنَّہٗ مِنِّيْ وَأَنَا مِنْہُ: بے شک علی مجھ سے ہے اور مَیں علی سے ہوں، یعنی کمالِ اِتحاد کی طرف اشارہ فرمایا، توحضرت جبرئیل ں نے عرض کیا: أَنَا مِنْکُمَا: مَیںتم دونوں سے ہوں۔ (الاصابہ ، ۴؍ ۳۲۔ قُرَّۃ ُالعیون)
فائدہ: ایک تنہاآدمی کاجماعت سے بھِڑ جانا، اورنبیٔ اکرم ﷺ کی مقدَّس ذات کو نہ پاکر مرجانے کی نیت سے کُفَّار کے جَمگَھٹے میں گھُس جانا، جہاں ایک طرف حضورﷺ کے ساتھ سچی محبت وعشق کاپتہ دیتا ہے، وہاں دوسری جانب کمالِ بہادری اور دِلیری،جُرأت کابھی نقشہ ہے۔(حکایتِ صحابہؓ، فضائل اعمال)

Comments

Popular Posts